بھٹکل:28/ڈسمبر(ایس او نیوز) ہمیں سینہ تان کے کہنا چاہئے کہ اس ملک کےلئے مسلمانوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی اور نےنہیں دی، یہ ملک کسی ایک کا نہیں بلکہ ہم تمام کی جائیداد ہے، اس ملک کی ترقی کے لئے ہمیں ہمیشہ فکر مند رہنا چاہئے۔ سیاسی میدان میں مسلمانوں کی بات کو لوک سبھا میں پیش کرنےو الے ایک دو لیڈران ہی ہیں جو پورے وثوق کے ساتھ اپنی بات رکھتے ہیں ہمیں ایسے کئی اور سیاست دانوں کی سخت ضرورت ہے جو لوک سبھا میں ہماری بہتر نمائندگی کرسکے، اس سلسلے میں مجلس اصلاح و تنظیم کو سیاسی میدان میں مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے اور سیاسی قائدین مہیا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار کرناٹکا اقلیتی کمیشن کے صدر ایم اے غفور نے کیا۔
موصوف اپنے بھٹکل دورہ کے موقع پرمجلس اصلاح وتنظیم کے دفتر میں عہدیداران سے خیر سگالی ملاقات کے دوران خطاب کررہے تھے۔ موصوف نے تنظیم کی سماجی و سیاسی کارکردگیوں اور خدمات کی کافی ستائش کی۔انہوں نے بھٹکل کا تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ تعلیمی میدا ن میں جو بیش بہا خدمات انجام دے رہا ہے وہ ناقابل ِ فراموش ہے، موصوف نے بھٹکل کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھٹکل میں ایسی کئی شخصیات ہیں جو اعلیٰ صلاحیت کے مالک ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ وہ آگے نہیں آرہے ہیں انہیں آگے بڑھ کر ملت کی رہنمائی کرنی چاہئے۔اس موقع پر انہوں نے سید خلیل الرحمن صاحب اور دیگر رہنماؤں کی مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم ایس ایم یحییٰ جب وزیر تعلیم تھے تو میں طالب علم تھا،مگر اس وقت موصوف وزیر صاحب نے تعلیمی میدان میں جو منصوبے ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ تشکیل دے کر نافذ کئے اس کی وجہ سے آج ہم سر اٹھا کر جی رہے ہیں، مگر افسوس ، ایسے لیڈران کا آج فقدان ہے ہم دیکھتے ہیں کہ آج ہمارے قومی لیڈران بڑے بڑے پروگرام، جلسے اور اجتماعات منعقد کرتے ہوئے صرف اپنے آپ کو لیڈر جتاتے ہیں اور ان کا مقصد بھی یہی ہوتاہے۔ موجودہ زمانے میں ہمارے لیڈران ایمانداری اور دین داری کے متعلق بات نہیں کرنا چاہتے ، کیونکہ انہیں اپنی سیاست کا خوف ہوتاہے، جو دراصل ایمانداری اور دین داری کے کمی کی طرف اشارہ کرتی ہے،ایسے موقعوں پر مرحوم ایس ایم یحییٰ ان تمام میں ایک اعلیٰ مثالی شخصیت نظر آتے ہیں، مالک بن دینار ؒ کی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ جب یہاں تشریف لائے تو ہندوقوموں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا کیونکہ وہ پکے اور سچے مومن تھے، مگر آج ہمارا استقبال نہیں ہورہاہے تو فکر کرنی چاہئے کہ ہم مومن ہیں یا نہیں۔ ۔اسموقع پرانہوں نے اقلیتی کمیشن کے ذریعے تعلیمی ، سماجی ، خواتین کے لئے جاری کردہ مختلف اسکیموں کی تفصیلات پیش کیں اور متعلقہ کمیشن کے افسران سے رابطہ کرتے ہوئے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔
ابتدائ میں تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری نے تنظیم کا تعارف پیش کیا۔ نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری نےبھٹکل کے حالات پرمعلومات پیش کرتے ہوئے عوام کے مسائل اُن کے سامنے گوش گذار کئے، اس موقع پر تنظیم کے سکریٹری مولوی یاسر برماورندوی، تنظیم خزانچی ڈی ایف صدیق، اشفاق کے ایم، بھٹکل مسلم جماعت ریاض کے سابق صدرجناب عبدالسمیع کولا، دبئی کے لائف ٹائم ایچومینٹ ایوارڈ یافتہ جناب کوکاری برہان سمیت کافی دیگر ذمہ داران موجود تھے۔